پاکستان اور بھارت کی جنگ میں 8 طیارے مار گرائے گئے:ٹرمپ کا نیا دعویٰ

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اُن کی مداخلت سے دونوں ممالک جنگ بندی پر آمادہ ہوئے
جنگ بندی امریکی دھمکیوں یا مداخلت کا نتیجہ نہیں تھی:بھارت نے ٹرمپ کادعوی مستردکردیا

واشنگٹن (ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں سال مئی میں ہونے والے فوجی تصادم کے حوالے سے نیا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جھڑپ میں 8 طیارے مار گرائے گئے تھے۔

میامی میں امریکن بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ”میں نے 8 ماہ میں 8 جنگیں ختم کرائیں، جن میں کوسووو اور سربیا، کانگو اور روانڈا، اور پاکستان و بھارت کی جنگیں شامل ہیں۔”

ٹرمپ کے مطابق وہ اس وقت دونوں ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے بیچ میں تھے جب انہیں ایک اخبار میں خبر ملی کہ دونوں ملک جنگ کے دہانے پر ہیں۔

انہوں نے کہا”میں اخبار کا نام نہیں لونگا کیونکہ وہ عام طور پر جعلی خبریں شائع کرتا ہے، مگر اس میں لکھا تھا کہ دونوں ممالک جنگ کرنے جا رہے ہیں، 7 طیارے مار گرائے گئے اور آٹھواں شدید نقصان زدہ ہوا — مجموعی طور پر 8 طیارے گرائے گئے۔”

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو انتباہ کیا کہ اگر جنگ ہوئی تو امریکا کسی کے ساتھ بھی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔ان کے بقول” اگلے دن مجھے فون آیا کہ دونوں ممالک نے امن قائم کر لیا ہے، میں نے کہا — بہت خوب، اب ہم تجارت کرینگے۔ یہ سب ٹیرف کی وجہ سے ممکن ہوا، ٹیرف نہ ہوتے تو کبھی نہ ہوتا۔”

ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد بار یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ مئی کے مختصر تصادم میں 5 سے 7 طیارے گرائے گئے تھے۔انہوں نے حالیہ تقریر میں وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھی تعریف کی، جن سے وہ ستمبر میں واشنگٹن میں ملاقات کر چکے ہیں۔

بھارتی حکومت نے ٹرمپ کے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی جنگ بندی امریکی دھمکیوں یا مداخلت کا نتیجہ نہیں تھی۔

مئی میں مقبوضہ کشمیر میں ہندو سیاحوں پر حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی تھی، جسے بھارت نے بغیر ثبوت کے پاکستان سے منسوب کیا، تاہم پاکستان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی۔

چار روز تک جاری رہنے والے تصادم میں دونوں ملکوں نے لڑاکا طیارے، میزائل اور ڈرونز استعمال کیے، جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔دس مئی کو امریکی مداخلت کے بعد دونوں جنگ بندی پر متفق ہوئے تھے۔

پاکستان نے اس وقت کہا تھا کہ اس نے بھارت کے 6 لڑاکا طیارے مار گرائے، جن میں ایک فرانسیسی ساختہ رافیل بھی شامل تھا۔ بھارت نے چند نقصانات تسلیم کیے، مگر 6 طیاروں کے گرائے جانے کی تردید کی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے 7 طیارے زمین بوس کیے۔بعد ازاں، ٹرمپ نے بھی اسی واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے “7 طیارے گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کو امن پر آمادہ کیا”۔

اپنا تبصرہ لکھیں