گوادر اور عمان کے درمیان نئے فیری روٹ سے تجارتی اور سیاحتی روابط میں اضافہ متوقع
اسلام آباد(نامہ نگار) معاون خصوصی برائے میری ٹائم افیئرز محمد جنید انوار چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور عمان جلد ہی فیری لنک کے قیام کے لیے مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کریں گے۔
سرکاری نشریاتی ادارے ’پی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے گوادر اور عمان کے درمیان فیری سروس کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے محمد جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ گوادر، عمان فیری سروس جلد شروع کی جا رہی ہے، جس کیلئےانتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے عمان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی جلد پاکستان کا دورہ کریگا۔
انہوں نے کہا کہ نئے فیری روٹ کے آغاز سے پاکستان اور عمان کے درمیان تجارتی حجم اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ پاکستانی تارکین وطن کیلئے سفر بھی پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائیگا۔
معاون خصوصی برائے میری ٹائم افیئرز نے مزید کہا کہ فیری سروس نہ صرف سیاحت اور ثقافتی روابط کو مضبوط کرے گی بلکہ خطے کے ممالک کو وسط ایشیا کی منڈیوں تک رسائی بھی فراہم کریگی۔محمد جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ نئی سمندری راہداریوں کے قیام سے گوادر اقتصادی سرگرمیوں کا نیا مرکز بننے کی جانب اہم پیش رفت ہو گی۔

