پاکستان بوائے اسکاوٹس سیاسی فورم نہیں بچوں کی تربیت کا ادارہ ہے:امان اللہ کنرانی

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان بوائے اسکاوٹس کے چیف کمشنر امان اللہ کنرانی نے کہا ہے کہ یہ ادارہ کسی سیاسی سرگرمی کیلئے نہیں بلکہ رضاکاروں اور بچوں کی تربیت کیلئے قائم کیا گیا ہے، جہاں اعتماد، اخلاقیات اور کردار سازی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوائے اسکاوٹس بچوں کی امانت ہے اور ان کی سماجی، اخلاقی اور کردار کی تربیت ہماری ذمہ داری ہے، جو ایک باپ کی ذمہ داری کے مترادف ہے۔

چیف کمشنر بوائے اسکاوٹس کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس ادارے کو سیاسی میدان بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم ہم سب کو مل کر اسے سیاسی یا ریاستی نہیں بلکہ اخلاقی میدان بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی اصلاح، انہیں رضاکار بنانا اور قوم و ملک کی خدمت کیلئےتیار کرنا ہمارا فرض ہے تاکہ وہ مستقبل میں ایک ذمہ دار اور اچھے شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بچوں کو اس انداز میں تربیت دینا ہے کہ وہ ملک کیلئے کھڑے ہوں اور قومی ذمہ داری کو سمجھیں۔

چیف کمشنرامان اللہ کنرانی نے کہا کہ آج انہیں پاکستان بوائے اسکاوٹس کے چیف کمشنر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور وہ وعدہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان بوائے اسکاوٹس کے اصولوں، قیادت کے تقاضوں اور اللہ اور اس کے رسولؐ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں، جنہوں نے ان کی مخالفت کی انہیں بھی معاف کرتا ہوں اور جنہوں نے انہیں معاف کیا ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔