پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا: سہیل آفریدی

پشاور (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا۔

سہیل آفریدی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ راستے میں کتنی ہی رکاوٹیں کھڑی کردی جائیں، لانگ مارچ ہر صورت ہوگا اور پرامن ہوگا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دوسرے صوبوں سے آنیوالے سرکاری اہلکار خیبر پختونخوا کے سرکاری اہلکاروں سے الجھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس سیکرٹریٹ سے صوبہ چلتا ہے، اسے مبینہ جعلی خطرے کے نام پر بند کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ مؤخر کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں 4 اکتوبر تک مارچ مؤخر کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ پشاور ریجن کے قافلے 4 اکتوبر کو صوابی پہنچیں گے، جس کے بعد 5 اکتوبر کو صوابی سے قافلہ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔

اجلاس میں بعض ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات حساس ہیں، اس لیے لانگ مارچ مؤخر کرنا مناسب ہوگا۔ اجلاس میں دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں اور ان کی احتجاج میں ممکنہ شرکت پر بھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا، جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق سیاسی رابطوں اور لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 4 اکتوبر کو پشاور سے لانگ مارچ روانہ کرنے کا اعلان کردیا۔