پاکستان سپر لیگ 10 کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کا فیصلہ

لاہور(سپورٹس ڈیسک)وفاقی حکومت نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کیلئےپاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے میچوں کی سیکیورٹی کیلئےپاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کےفیصلےکے تحت وزارت داخلہ نے احکامات جاری کردیے ہیں، پاک فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اور سیکیورٹی اور پروٹیکشن ڈیوٹیز کیلئےہوگی۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی کیلئےکابینہ ڈویژن،صوبائی حکومتوں اور چیف کمشنراسلام آباد نے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی، سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی انسداد دہشتگردی ایکٹ1997 کے تحت ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویمن کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائیر 2025 کیلئے بھی پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی ہوگی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا، جس میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ایونٹ کے میچ کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جائینگے اور شائقین 37 دنوں میں کل 34 میچوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 11 اپریل کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائیگا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم افتتاحی میچ سمیت 11 میچوں کی میزبانی کریگاجبکہ قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو ہونے والے فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کریگا۔کراچی اور ملتان 5،5 میچوں کی میزبانی کرینگےجبکہ پشاور میں 8 اپریل کو نمائشی میچ کا انعقاد کیا جائیگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں