پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے الزامات مسترد کردیے

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے تفصیلات جاری کردیں۔جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپورٹس بورڈ نے اپنی مالی ذمہ داریاں بروقت ادا کیں جبکہ انتظامی اور عملی بے ضابطگیاں ہاکی فیڈریشن کی سطح پر ہوئیں۔

اعلامیے کے مطابق فیڈریشن نے ویزا کی درخواستیں تاخیر سے جمع کروائیں اور درخواستوں میں غلط معلومات فراہم کیں، جس کے باعث مسائل پیدا ہوئے۔سپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کی کوتاہی کے سبب پوری ٹیم کے سفری ٹکٹ تبدیل کروانا پڑے اور ٹکٹوں کی تبدیلی پر 2 کروڑ 71 لاکھ روپے کا اضافی خرچ برداشت کرنا پڑا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ویزا سے متعلق غلطیوں کے باعث پیدا ہونے والا 97 لاکھ روپے کا اضافی مالی بوجھ بھی کھیل بورڈ نے ادا کیا۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے مطابق اگر فیڈریشن کے امور بھی بورڈ کو انجام دینا ہوں تو پھر فیڈریشن کے عہدیداروں کی ذمہ داری کیا رہ جاتی ہے۔ بورڈ نے یہ بھی کہا کہ پی ایچ ایف کے عہدیدار خود بیرونِ ملک دوروں پر جاتے رہے اور انہیں دیے گئے فنڈز کا مکمل اور درست حساب جمع نہیں کروایا گیا۔