دوحہ (اسپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش ’اے‘ کو شکست دے کر تیسری مرتبہ ایشین ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فیصلہ خیز مقابلہ قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جو سپر اوور تک پہنچا۔ پاکستان شاہینز کے 125 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش ’اے‘ ٹیم بھی مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز ہی بنا سکی۔

سپر اوور میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 رنز بنائے، جواب میں پاکستان نے ہدف چوتھی گیند پر پورا کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا، پہلی ہی گیند پر یاسر خان رن آؤٹ ہوئے جبکہ 2 رنز پر محمد فائق کی وکٹ گرنے کے بعد ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔ مقررہ اوورز میں پاکستان نے 125 رنز بنائے اور تمام وکٹیں گنوا دیں۔ سعد مسعود 38، عرفات منہاس 25 اور معاذ صداقت 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ریپون منڈول نے 3 اور رقیب الحسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے بیٹرز بھی دباؤ کا شکار رہے۔ 53 کے مجموعی اسکور پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے باوجود رقیب الحسن (24)، عبدالغفار (16) اور ریپون منڈول (11) نے مزاحمت کرتے ہوئے میچ کو سپر اوور تک پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے صفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 11 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2،2 جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

