اسلام آباد : پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اپنے فوجی اڈے کسی بھی ملک کے حوالے نہیں کرے گا اور نہ ایسا کوئی ارادہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں پاکستان میں فوجی اڈے چین کو دیے جانے سے متعلق ایک چینی ایجنسی کی حالیہ رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ ’پاکستان کا کسی بھی ادارے یا ملک کو بیس دینے کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان اپنے فوجی اڈے کسی بھی ملک کے حوالے نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ معاشی محاذ پر پاکستان اور چین کے مابین تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور پاکستان کے کاروباری سیکٹر میں چینی کمپنیوں کا فروغ اس بات کا عکاس ہے۔‘
اس سے قبل ترجمان نے بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انتخابات کی عالمی دنیا کی نظرمیں کوئی حیثیت نہیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کےحق استصواب رائےکاکوئی متبادل نہیں، ہزاروں کشمیرحراست اورقید میں ہیں، پاکستان کشمیری بہنوں بھائیوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔انھوں نے کہا لبنان میں سائبرحملے تشویشناک ہیں، پاکستان ہرطرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔