پاکستان میں سالِ نو کا آغاز، شاندار آتش بازی اور ہوائی فائرنگ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان میں سال 2026ء کا آغاز ہو گیا، جس پر “جنگ نیوزکینیڈا” اپنے دیکھنے اور پڑھنے والوں کو سال نو کی مبارک باد پیش کرتا ہے۔ نیا سال شروع ہوتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی اور کوئٹہ میں میوزیکل نائٹس کا اہتمام کیا گیا جبکہ لاہور میں لبرٹی چوک اور کراچی میں گورنر ہاؤس میں شاندار آتش بازی کی گئی۔ رات 12 بجتے ہی پاکستان بھر میں 2026ء کی آمد پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور کئی شہروں میں آتش بازی کی گئی۔

شہر شہر لوگ ایک دوسرے کو مبارک باد دیتے اور نئے سال کو خوش آمدید کہتے نظر آئے، کہیں میوزیکل شوز ہوئے تو کہیں ہلہ گلہ اور شور شرابا رہا۔ کراچی میں شہری دیوانہ وار جشن میں مصروف دکھائی دیے، متعدد گاڑی سواروں نے ہارن بجا کر خوشی کا اظہار کیا جبکہ آتش بازی کے مناظر کے باعث لوگوں کی نظریں آسمان پر جم گئیں۔ منچلوں نے ساحل سمندر سی ویو پر بھی نئے سال کی آمد کا جشن منایا۔

ذرائع کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ لاہور، راولپنڈی، ملتان، پشاور، کوئٹہ، سکھر اور حیدر آباد میں بھی سال نو کے موقع پر آتش بازی کی گئی۔