پاکستان نے جونیئر ڈیوس کپ جیت لیا،فائنل میں انڈونیشیا کو دو ایک سے شکست

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان نے جونیئر ڈیوس کپ جیت لیا، فائنل میں انڈونیشیا کو دو ایک سے شکست دے دی۔پہلے سنگل مقابلے میں ابوبکر طلحہٰ نے دو ایک اور چھ دو سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے سنگلز میں گناوان میکا نے پاکستان کے میکائیل علی کو شکست دی۔

فیصلہ کن ڈبلز مقابلے میں حمزہ رومن اور ابوبکر طلحہٰ نے اندونیشین جوڑی کو ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔اس فتح کی وجہ سے، پاکستان نے اب ITF ایشیا/اوشیانا ڈیوس کپ جونیئرز کوالیفائنگ ایونٹ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے، جو قازقستان میں 19-24 مئی 2025 کو شیڈول ہے، اس ایلیٹ مقابلے میں ایشیا اور اوشیانا کی ٹاپ 16 ٹیمیں عالمی گروپ میں جگہ کیلئے مقابلہ کریں گی۔

ٹیم پاکستان نے ڈیوس کپ جونیئرز 2025 کے آخری دن شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کے خلاف 2-1 سے دلچسپ فتح حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس تاریخی جیت کے ساتھ، پاکستان پوری چیمپئن شپ میں ناقابل شکست رہا اور قومی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی صلاحیتوں، عزم اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) کے صدر اعصام الحق نے ٹیم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کیلئے انتہائی فخر کا لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں میکائیل علی بیگ، ابوبکر طلحہ اور حمزہ رومان کے ساتھ کپتان شہزاد خان کو ان کی لگن اور عزم کیلئے سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عالمی ٹینس اسٹیج پر پاکستان کا پرچم بلند ہو رہا ہے۔

اعصام الحق کا کہنا تھا پاکستانی ٹیم 2023 میں 16 میں سے 16 ویں اور 2024 میں 16 میں سے 5 ویں نمبر پر رہی جبکہ اس سال پاکستان نے چیمپئن شپ جیت کر ایک تاریخی سنگ میل حاصل کیا جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ ملک کی ٹینس کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں