پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دیدی

پالیکیلے (اسپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دے دی تاہم مطلوبہ بڑے مارجن سے کامیابی حاصل نہ کرنے کے باعث قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی یقینی نہ بن سکی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستانی اوپنرز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 176 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ فخر زمان 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد 16ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے۔
https://www.youtube.com/watch?v=QD3suEg2bqI
دوسری جانب صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ میں اپنی دوسری سنچری اسکور کی اور 100 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ابتدائی مضبوط بنیاد کے باوجود قومی ٹیم کا مڈل آرڈر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بناسکی۔

دیگر بیٹرز میں خواجہ نافع 2، شاداب خان 7، شاہین شاہ آفریدی 4، نسیم شاہ 1، سلمان علی آغا اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی تاہم پاکستانی بولرز نے آخری اوورز میں دباؤ برقرار رکھتے ہوئے حریف ٹیم کو ہدف حاصل کرنے سے روک دیا اور میچ 5 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے سری لنکا کو کم از کم 65 رنز سے شکست دینا ضروری تھا، اسلئے کامیابی کے باوجود قومی ٹیم کی اگلے مرحلے تک رسائی خطرے میں پڑ گئی ہے۔قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں، بابر اعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کو ڈراپ کرکے خواجہ نافع، ابرار احمد اور نسیم شاہ کو شامل کیا گیا جبکہ سری لنکا کی ٹیم میں کوشل مینڈس کی جگہ کامل مشارا کو موقع دیا گیا۔