پاکستان نے فیورٹ بھارت کو باآسانی چت کرکے انڈر 19 ایشیا کپ جیت لیا

دبئی ( آئی سی سی، غیر ملکی میڈیا، مقامی ذرائع)پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف اور فیورٹ سمجھی جانے والی بھارتی ٹیم کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے جو انڈر 19 ایشیا کپ فائنلز کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

اوپنر سمیع منہاس نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلتے ہوئے 113 گیندوں پر 172 رنز اسکور کیے، جس میں 17 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔ یہ انڈر 19 ایشیا کپ فائنل کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ سمیع منہاس نے عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ پر 92 اور احمد حسین کے ساتھ تیسری وکٹ پر 137 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی مضبوط سمجھی جانے والی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہو گئی اور پوری ٹیم محض 26.2 اوورز میں 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر علی رضا نے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سیام نے بھی 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

بھارت کی جانب سے ویبھاو سوریاونشی نے 26 رنز کی تیز اننگز کھیلی جبکہ دیپیش دیویندرن نے نچلے نمبر پر 36 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، تاہم مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث بھارتی ٹیم بڑا ہدف حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔

یہ فتح پاکستان کیلئےاس لحاظ سے بھی اہم رہی کہ گروپ مرحلے میں اسی حریف کے ہاتھوں شکست کے بعد فائنل میں پاکستان کو انڈر ڈاگ سمجھا جا رہا تھا، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مکمل برتری ثابت کی۔ سمیع منہاس کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ پاکستان نے ٹرافی کے ساتھ بھرپور جشن منایا۔