پاکستان ویمنز ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے: رامین شمیم

کولمبو (اے ایف پی) – قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ باؤلر رامین شمیم نے کہا ہے کہ موسم ان کے کنٹرول میں نہیں، تاہم ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے اپنی پوری کوشش کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کا اگلا مقابلہ جنوبی افریقہ کے خلاف کل کھیلا جائیگا۔ کولمبو میں مون سون کی بارشوں کے باعث پاکستان کے پچھلے دو میچز، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کیخلاف، منسوخ ہو گئے تھے، جس سے ٹیم کیلئےقیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کا موقع ضائع ہوا۔

ہفتے کو نیوزی لینڈ کے خلاف منسوخ شدہ میچ کے نتیجے میں جنوبی افریقہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی، جبکہ گرین شرٹس ابھی تک اپنی پہلی فتح کے منتظر ہیں۔

پری میچ پریس کانفرنس کے دوران رامین شمیم نے کہا: ’بارش ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، ہم موسم کو قابو نہیں کر سکتے۔ بدقسمتی سے ہم خوش نہیں ہیں کیونکہ ہم انگلینڈ کے خلاف اچھا کھیل رہے تھے، لیکن ہم پراعتماد ہیں کیونکہ پچھلے دو میچوں میں ہماری کرکٹ اچھی تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف کھیلنے کیلئےمکمل طور پر تیار ہے، اور ورلڈ کپ سے قبل جنوبی افریقہ کے ساتھ کھیلی گئی سیریز کی بدولت انہیں اگلے دونوں میچز کی تیاری معلوم ہے۔ ’ہمارا مقصد یہ ہے کہ یہ دونوں میچ جیتیں۔‘

پاکستان نے ستمبر میں لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں ابتدائی دو میچ ہارے تھے، لیکن آخری ون ڈے میں اسپن دوست پچ پر مہمان ٹیم کو شکست دی تھی۔ دونوں ٹیمیں کولمبو میں ورلڈ کپ سے قبل پریکٹس میچ میں بھی آمنے سامنے آئیں، جہاں پروٹیز نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ماساباتا کلاس نے بھی پاکستان کے خلاف میچ کو چیلنج قرار دیا اور کہا: ’پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے، ہم اسے آسان نہیں سمجھ سکتے، لیکن اپنی بنیادی حکمتِ عملی پر قائم رہیں گے اور وہی کریں گے جو پہلے دن سے کر رہے ہیں۔‘

اپنا تبصرہ لکھیں