پاکستان ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خطرہ پیداہوگیا

کولمبو(سپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء کے گروپ اے میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کی ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کے لیے خطرے سے دوچار ہوگئی ہے۔بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جس کے بعد گرین شرٹس گروپ میں تیسرے نمبر پر آ گئی ہیں۔ بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستان کا رن ریٹ منفی 0.403 ہوگیا ہے۔

رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر امریکا سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔ امریکا کے 4 میچز میں 2 فتوحات کے ساتھ 4 پوائنٹس اور رن ریٹ 0.788 ہے۔

پاکستان اپنا آخری گروپ میچ بدھ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا۔ اگر نمیبیا پاکستان کو شکست دے دیتا ہے تو پاکستان سپر ایٹ مرحلے کے ساتھ ساتھ ایونٹ سے بھی باہر ہو جائے گا۔پاکستان اگر اپنے آخری میچ میں فتح حاصل کر لیتی ہے تو اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گی، جبکہ میچ بارش کی نذر ہونے کی صورت میں بھی پاکستان سپر ایٹ میں جگہ بنا لے گی۔