اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان کو بنگلہ دیش کےوزیراعظم کیلئے نامزدامیدوار طارق رحمان کی بطوروزیراعظم حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے جو 17 فروری کو ڈھاکہ میں منعقد ہوگی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دعوت رسمی طور پر موصول ہو چکی ہے، تاہم وزیرِ اعظم شہباز شریف اس میں شرکت نہیں کر سکیں گے کیونکہ وہ اس وقت آسٹریا کے سرکاری دورے پر ہیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال بنگلادیش کے وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیرِ اعظم نے اس سے قبل بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سربراہ طارق رحمٰن سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ان کی جماعت کی عام انتخابات میں فتح پر مبارکباد دی۔ وزیرِ اعظم نے بنگلہ دیش کی عوام کو انتخابات کی کامیاب تکمیل پر بھی مبارکباد دی اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئےپاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں امن و ترقی پر تبادلۂ خیال کیا، اور خالیدہ ضیا کی پاکستان اوربنگلہ دیش تعلقات میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔دونوں جانب سے قریبی رابطے اور عوامی فلاح و تعاون کے فروغ کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے طارق رحمٰن کو جلد پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔

