پاکستان کیلئے امریکاسب سے بڑا برآمدی ملک بن گیا: وزارت تجارت

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق امریکا پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی ملک بن چکا ہے، گزشتہ چار مالی سالوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرپلس 14 ارب 44 کروڑ ڈالرز تک جا پہنچا ہے۔

وزارت تجارت پاکستان کے باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا، پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی شراکت دار بن گیا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ چار برسوں میں تجارتی توازن مسلسل پاکستان کے حق میں رہا ہے۔ اس عرصے میں مجموعی تجارتی سرپلس کا حجم 14 ارب 44 کروڑ امریکی ڈالرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، مالی سال 2024-25 میں پاکستان نے امریکا کو 5 ارب 84 کروڑ ڈالرز کی برآمدات کیں، جبکہ اسی مدت میں امریکا سے درآمدات کا حجم 1 ارب 74 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا، یوں اس سال کا تجارتی سرپلس 4 ارب 9 کروڑ ڈالرز رہا۔

اس سے قبل مالی سال 2023-24 میں پاکستانی برآمدات 5 ارب 29 کروڑ ڈالرز اور درآمدات 1 ارب 26 کروڑ ڈالرز تھیں، جس کے نتیجے میں تجارتی سرپلس 4 ارب 2 کروڑ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔

مالی سال 2022-23 میں پاکستان نے امریکا کو 5 ارب 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی مصنوعات برآمد کیں جبکہ درآمدات کا حجم 2 ارب 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا، یوں اس سال کا تجارتی سرپلس 3 ارب 25 کروڑ ڈالرز رہا۔

مالی سال 2021-22 کے اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان نے امریکا کو 6 ارب 83 کروڑ ڈالرز کی برآمدات کیں، جبکہ درآمدات 3 ارب 76 کروڑ ڈالرز کی تھیں، جس کے نتیجے میں تجارتی سرپلس 3 ارب 7 کروڑ ڈالرز رہا۔

وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مسلسل بڑھتا ہوا تجارتی توازن پاکستان کی برآمدی کارکردگی اور امریکا کی بڑی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کا مظہر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں