اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی)پاکستان کی آٹھ یونیورسٹیوں کو ایشیا کی بہترین جامعات کی تازہ ترین رینکنگ میں شامل کیا گیا ہے، تاہم حیرت انگیز طور پر لاہور کی کوئی بھی یونیورسٹی اس فہرست میں جگہ نہیں بنا سکی۔
ویڈیو بلاگر سعدیہ اور ان کے ساتھی لوگر نے ایک تازہ ویڈیو میں اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ فخر کا بھی ہے اور افسوس کا بھی، کیونکہ جہاں آٹھ پاکستانی جامعات نے بین الاقوامی سطح پر مقام حاصل کیا، وہیں لاہور جیسے علمی و ادبی شہر کا نام اس فہرست سے غائب ہے۔
جن شہروں کی جامعات کو رینکنگ میں شامل کیا گیا ہے ان میں پتوکی (یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کا پتوکی کیمپس)، ساہیوال، مینگورہ (سوات)، مانسہرہ، کراچی (دو جامعات) اور اسلام آباد شامل ہیں۔
سعدیہ نے کہا کہ یہ ایک بڑی تبدیلی ہے کیونکہ لاہور جو کبھی علم و ادب کا مرکز اور اعلیٰ تعلیم کی علامت سمجھا جاتا تھا اب فہرست میں شامل نہیں۔ ان کے مطابق یہ صورتِ حال لاہور کے تعلیمی اداروں کیلئے لمحۂ فکریہ ہے۔
ویڈیو میں سعدیہ اور لوگر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “آج کے لاہور کی پہچان علم نہیں بلکہ آلودگی ہے”، کیونکہ حالیہ بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق لاہور دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں سرفہرست ہے۔

