اسلام آباد / بنکاک (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے نامور کیوسٹ بابر مسیح نے اسنوکر کی دنیا میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کیو اسکول ایشین اوشیانا ٹورنامنٹ میں بھارتی سابق عالمی چیمپیئن پنکج ایڈوانی کو 1-4 فریم سے شکست دے دی۔
یہ مقابلہ بنکاک، تھائی لینڈ میں کھیلا گیا جہاں بابر مسیح نے غیر معمولی مہارت اور اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین مرتبہ کے آئی بی ایس ایف عالمی چیمپیئن کو واضح برتری سے شکست دی۔ٹورنامنٹ کے دوران بابر نے ہر فریم میں عمدہ بریک کھیلتے ہوئے مخالف کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
یہ ٹورنامنٹ اسنوکر پروفیشنل سرکٹ میں داخلے کیلئے نہایت اہمیت رکھتا ہے، جس میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو ورلڈ اسنوکر ٹور کا پروفیشنل کارڈ حاصل ہوگا۔
بابر مسیح، قومی کیوسٹ نے کہا”یہ میرے کیریئر کا ایک یادگار دن ہے۔ پنکج ایڈوانی جیسے عظیم کھلاڑی کے خلاف جیت میرے لئےنہایت اعزاز کی بات ہے۔ میری یہ فتح پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئےایک پیغام ہے کہ محنت اور عزم کے ساتھ ہر بلندی حاصل کی جا سکتی ہے۔”
پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کی جانب سے مبارکباد
پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (PBSA) نے بابر مسیح کی جیت کو “پاکستانی اسنوکر کیلئے روشن لمحہ” قرار دیتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ پروفیشنل سرکٹ میں بھی ملک کا نام روشن کریں گے۔

