پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ شجر عباس 4 ماہ کیلئے انٹرنیشنل سرکٹ سے باہر

اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کے قومی ایتھلیٹ اور تیز ترین اسپرنٹر شجر عباس بائیں ٹانگ کی سرجری کے باعث آئندہ چار ماہ تک انٹرنیشنل سرکٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

25 سالہ اسپرنٹر کی ٹریننگ کے دوران اچانک ٹانگ میں سوجن پیدا ہوئی تھی، جس پر میڈیکل چیک اپ میں ٹیومر کی تشخیص ہوئی۔ بعد ازاں کامیاب سرجری کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں کم از کم دو ماہ مکمل آرام اور اس کے بعد مزید تین سے چار ماہ فٹنس بحالی کے لیے درکار بتائے ہیں۔

شجر عباس نے اپنے بیان میں کہا کہ سرجری کے باعث وہ رواں برس سعودی عرب میں ہونے والے ورلڈ اسلامک گیمز میں شرکت نہیں کر سکیں گے، تاہم وہ نیشنل گیمز اور آئندہ سال کے عالمی مقابلوں میں بھرپور تیاری کے ساتھ واپسی کیلئےپرعزم ہیں۔

شجر عباس نے عالمی سطح پر پاکستان کیلئے 100 اور 200 میٹر ریس میں 2 گولڈ میڈل اور ایک کانسی کا تمغہ جیت رکھا ہے۔قومی اسپرنٹر نے 100 میٹر کی دوڑ میں 10.34 سیکنڈز کا قومی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا اور پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ کہلائے۔ڈاکٹرز کے مطابق شجر عباس کے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد وہ آئندہ برس عالمی مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں