پاکستان ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار مظہر علی انتقال کرگئے۔اداکار مظہر علی طویل عرصے سے دل اور پھیپڑوں کے مرض میں مبتلا تھے۔ وہ گزشتہ کئی سال سے امریکی شہر ہیوسٹن میں رہائش پذیر تھے اور کچھ عرصہ پہلے ہی کراچی واپس آئے تھے۔ مرحوم کی فیملی کینیڈا میں مقیم ہے۔اطلاعات کے مطابق مرحوم دل کے عارضے کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے۔ مظہر علی کے لواحقین میں دو بیٹیاں، ایک بیٹا اور اہلیہ شامل ہیں۔
مظہر علی نے پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے کئی مقبول ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے، جن میں ’’افشاں‘‘، ’’عروسہ‘‘، ’’شاہین‘‘، ’’کالی دیمک‘‘ اور ’’کانچ کی گڑیا‘‘ شامل ہیں۔ مظہر علی نے اپنی لاجواب اداکاری سے شائقین میں بہت شہرت حاصل کی۔مظہر علی کے انتقال پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظہر علی کی ٹیلی ویژن کی دنیا میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے اداکار مظہر علی انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظہر علی اور میری دوستی سالوں پرانی ہے۔ ہم اسکول کے زمانے سے دوست تھے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مظہر علی کے درجات بلند اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔ آمین۔