ایونٹ کے پہلے روز ملک بھر سے بلائینڈ اور جونیئر کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت
فائنل مقابلے آج پنجاب یونیورسٹی سپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ میں ہوں گے
لاہور :وزیراعظم کے نیشنل مائنڈ سپورٹس انیشی ایٹو کے تحت، شطرنج فیڈریشن آف پاکستان نے فیڈے سوشل ایئر 2025 کی عالمی مہم کے ایک اہم حصے کے طور پر پاکستان کی تاریخ کا پہلا آل انکلوسیوشطرنج ٹورنامنٹ منعقد کیا۔ اس تاریخی ٹورنامنٹ کا انعقاد کنگز چیس کلب لاہور کے زیر اہتمام کیا جا رہا ہے۔فیڈے کی جنرل اسمبلی میں جو بوداپسٹ میں منعقد ہوئی فیڈے کے صدر آرکادی دواورکووچ نے سال 2025 کو باقاعدہ طور پر ”سوشل چیس کا سال” قرار دیا۔
اس بصیرت افروز عالمی مہم کا مقصد شطرنج کو ایک مثبت سماجی تبدیلی کے آلے کے طور پر استعمال کرنا ہے، تاکہ معاشرتی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے، تعلیمی مواقع میں اضافہ ہو، اور ذہنی فلاح و بہبود کو تقویت دی جا سکے۔ اس اقدام کے تحت شطرنج کو جیل خانوں، پناہ گزین کیمپوں، بزرگوں کی نگہداشت کے اداروں اور منشیات سے بحالی کے مراکز جیسے شعبوں میں متعارف کرانے کی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔
فیڈے کے صدر کے مطابق، اس مہم کا مقصد دنیا بھر میں افراد کو جوڑ کر شطرنج کے ذریعے ایک حقیقی اور مثبت تبدیلی کو ممکن بنانا ہے۔اس دو روزہ عظیم الشان ٹورنامنٹ کی قیادت چیف آرگنائزر سلیم اختر، سینئر نائب صدر شطرنج فیڈریشن آف پاکستان کر رہے ہیں، جبکہ میزبانی کے فرائض نیشنل مائنڈ سپورٹس انیشی ایٹو کے مرکزی کوآرڈینیٹر جناب محمد یحییٰ چیمہ کے سپرد ہیں۔
ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پہلی بار ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے نابینا کھلاڑیوں کو اوپن کیٹگری میں شرکت کا موقع دیا گیا ہے، جو شطرنج کی دنیا میں ایک انقلابی قدم ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انڈر-14 کیٹیگری بھی شامل کی گئی ہے، جس میں بچوں کی بڑی تعداد جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہے۔ ٹورنامنٹ کے چوتھے، پانچویں اور چھٹے راؤنڈز آج 20 اپریل کو پنجاب یونیورسٹی سپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔

