پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنسز کی تمام واجبات ادا کر دئیے

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے سینئر، جونیئر اور انڈر 18 ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنسز کی مد میں تمام واجبات مکمل طور پر ادا کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ آفیشلز اور پی ایچ ایف کے ملازمین کو بھی واجبات فراہم کیے گئے ہیں۔

صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی نے کہا کہ سلطان جوہر کپ میں شرکت کیلئے ملائیشیا جانے والے جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں کو ان کے الاؤنسز کی مد میں ایڈوانس رقم بھی ادا کر دی گئی تاکہ وہ مالی پریشانی کے بغیر اپنے کھیل پر مکمل توجہ مرکوز کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام مالی امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا گیا ہے اور الحمدللہ، اب تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اکاؤنٹس میں رقم منتقل کر دی گئی ہے۔ تاہم جن کھلاڑیوں کے اکاؤنٹس حبیب بینک (ایچ بی ایل) میں نہیں ہیں ان کیلئے رقم کی منتقلی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ نیشنز کپ کے دوران کپتان سمیت چند کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا اور میڈیا رپورٹس کے ذریعے اپنے واجبات کی ادائیگی نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی تھی، جس پر پی ایچ ایف نے فوری اقدامات کرتے ہوئے تمام واجبات کلیئر کر دیے۔صدر پی ایچ ایف نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی اب آنے والے ایونٹس میں پوری توجہ اور جوش کے ساتھ اپنی کارکردگی پیش کریں گے۔

دوسری جانب، پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم 11 اکتوبر سے شروع ہونے والے 13ویں سلطان آف جوہر کپ 2025 کے لیے ملائشیا کے شہر کوالالمپور پہنچ چکی ہے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ 11 اکتوبر کو ملائیشیا کے خلاف، دوسرا میچ 12 اکتوبر کو برطانیہ کے خلاف، تیسرا میچ 14 اکتوبر کو بھارت کے خلاف، چوتھا میچ 15 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف اور پانچواں میچ 17 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں