پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی، افغان طالبان گاڑی چھوڑ کر فرار

سرحدی علاقہ (آئی ایس پی آر) پاک فوج کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان اہلکار شدید دباؤ کا شکار ہوکر پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے اور فرار ہوتے وقت اپنی گاڑی موقع پر ہی چھوڑ گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں دشمن کی متعدد چیک پوسٹیں تباہ کردی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک کارروائی کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی چھوڑ کر فرار ہونے والی گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں پاکستانی جوانوں کو مذکورہ گاڑی پر موجود اور نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے حالیہ کارروائیوں کے دوران مزید 5 افغان پوسٹوں کا کنٹرول حاصل کرکے وہاں قومی پرچم لہرا دیا ہے۔ قبضے میں آنے والی پوسٹوں میں 2 شوال کے مقابل، 2 انگور اڈا کے مقابل اور ایک زرملان کے مقابل واقع پوسٹ شامل ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ مؤثر کارروائی کے دوران انگور اڈا کے مقام پر قائم افغان ٹرمینل کو بھی تباہ کردیا گیا جبکہ پاکستانی فورسز کے بھرپور ردعمل کے باعث افغان طالبان کو بھاری جانی و عسکری نقصان اٹھانا پڑا۔