اسلام آباد (آئی ایس پی آر) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک-چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے اور چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنا پوری پاکستانی قوم کا متفقہ موقف ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ وانگ ژی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتِ حال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک-چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے۔ انہوں نے عالمی امور میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا میں غیر یقینی حالات کے باوجود پاک-چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ “پاکستان ہمیشہ چین کی پڑوسی سفارت کاری میں اولین ترجیح رہا ہے۔”
وانگ ژی نے مزید کہا کہ وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود دونوں ممالک نے روایتی دوستی کو مزید گہرا کیا ہے، اور چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ چین پاکستان کا آہنی دوست ہے اور دونوں ممالک ہر دور میں ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں۔ “پاک-چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے، اور یہ تعلقات پاکستان کی پوری قوم کا متفقہ موقف ہیں۔”
انہوں نے پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر چینی قیادت سے اظہارِ تشکر کیا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی فوج انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دے گی۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی اور دونوں ممالک باہمی دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ترقی کی راہ پر ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔

