پشاور(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملے کے کیس سے متعلق پنجاب فارنزک رپورٹ اور الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدمہ ٹرائل کے بعد خارج ہو چکا ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ ان کا نام ایف آئی آر نمبر 221 میں شامل نہیں اور نہ ہی کسی ضمنی چالان میں موجود ہے، جبکہ مرکزی کیس میں انہیں عدالت کی جانب سے بری کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استغاثہ کا مؤقف عدالت میں ریزہ ریزہ ہو گیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اڑھائی سال بعد غیر مصدقہ ویڈیوز کی بنیاد پر میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، وائرل اسکرین شاٹس کا ریڈیو پاکستان واقعے سے کوئی تعلق نہیں اور ان میں شامل ایک ویڈیو پشاور کی بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پوری مہم وزیراعلیٰ اور ان افراد کے خلاف چلائی جا رہی ہے جنہیں کبھی اس مقدمے میں نامزد ہی نہیں کیا گیا۔

