راولپنڈی/پشین(آئی ایس پی آر) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے خوارج متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ملک بھر سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
“صدر اور وزیرِ اعظم کا خراجِ تحسین”
پشین میں کامیاب کارروائی پر آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن قومی عزم کی عکاسی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

