پنجابی شارٹ فلم ’’پرتاوا‘‘ ریلیز، سسپنس اور ایکشن کے ساتھ منفرد کہانی

اسلام آباد(کلچرل رپورٹر) پنجابی زبان میں بنائی گئی شارٹ فلم ’’پرتاوا‘‘ (Partawa) ناظرین کیلئے پیش کر دی گئی ہے۔ سسپنس، ایکشن اور جذبات سے جڑی یہ مختصر فلم ایک ایسے انسان کی کہانی بیان کرتی ہے جس کیلئے ماضی کے فیصلے اور ان کے نتائج ایک بار پھر سامنے آ جاتے ہیں۔

فلم کا انگریزی جملہ ’’Return Before Regret Finds You‘‘ ہے، جو اس کی کہانی کے بنیادی خیال کی عکاسی کرتا ہے۔ یعنی پچھتاوا زندگی کا حصہ بن جائے، اس سے پہلے اپنے فیصلوں اور راستے پر نظر ثانی کرنا۔

’’پرتاوا‘‘ کی کہانی اور ہدایت کاری کاشف رضا نے کی ہے، جبکہ حسیب اجمل نے فلم کو پروڈیوس کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی پوسٹ پروڈکشن کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔ فلم میں حسیب اجمل، ذیشان علی، حاجی اعظم، طاہر رمبو اور علیم شیخ نے کردار ادا کیے ہیں۔

فلم کی عکس بندی ممتاز حسین نے کی، جبکہ ایکشن سینز کی ذمہ داری فاروق جانی نے نبھائی۔ ذیشان علی زینی کی ترتیب دی گئی موسیقی فلم کے ماحول، خاص طور پر ایکشن اور سسپنس کے لمحات کو مزید نمایاں کرتی ہے۔

’’پرتاوا‘‘ کی خاص بات یہ ہے کہ فلم کو غیر ضروری طوالت کے بجائے ایک مختصر دورانیے میں کہانی، ایکشن اور جذبات کے ذریعے آگے بڑھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ پنجابی زبان اور مقامی ماحول فلم کو مزید حقیقت کے قریب رکھتے ہیں، جبکہ کہانی ناظرین کو یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ بعض اوقات زندگی میں ایک درست فیصلہ بہت دیر ہونے سے پہلے کرنا ضروری ہوتا ہے۔

فلم کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ’’پرتاوا‘‘ بنانے کا مقصد پنجابی زبان میں ایک ایسی شارٹ فلم پیش کرنا تھا جس میں تفریح کے ساتھ ایک معنی خیز خیال بھی موجود ہو۔ فلم سازوں نے ایکشن اور سسپنس کے ذریعے انسانی فیصلوں اور ان کے اثرات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔