پنجاب: شدید بارشوں سے 24 گھنٹوں میں 28 افراد جاں بحق:دریاؤں میں سیلابی خطرات

لاہور( نمائندہ خصوصی)پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہو گئے، ریسکیو اور پی ڈی ایم اے حکام نے شہریوں کو مزید بارشوں، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کر دیا۔

پنجاب بھر میں شدید مون سون بارشوں نے جان و مال کا نقصان بڑھا دیا ہے۔ ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان فاروق احمد کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 28 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ 90 سے زائد زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں 12، فیصل آباد میں 8، شیخوپورہ میں 3، اوکاڑہ میں 2، پاکپتن، ننکانہ صاحب، اور ساہیوال میں ایک، ایک شہری جاں بحق ہوا۔ ترجمان کے مطابق زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے جہلم میں سیلابی کیفیت کی وارننگ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ منگلا اپ اسٹریم پر پانی کا بہاؤ 3.5 سے 4.5 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ذیلی ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو پرانے مٹی کے گھروں سے فوری نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ تر حادثات انہی کمزور مکانات کی چھتیں گرنے کے باعث پیش آ رہے ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بچوں کو بجلی کے کھمبوں، آلات اور نشیبی علاقوں سے دور رکھیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں مون سون سیزن میں اب تک 77 افراد مختلف حادثات میں جاں بحق اور 214 زخمی ہو چکے ہیں۔ اس دوران 74 گھروں کو نقصان پہنچا اور 6 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، جن میں:شیخوپورہ: 217 ملی میٹر،اوکاڑہ: 170 ملی میٹر،چیچہ وطنی: 130 ملی میٹر،لاہور: 170 ملی میٹر،فیصل آباد: 60 ملی میٹر کے علاوہ حافظ آباد، قصور، ساہیوال، منڈی بہاؤالدین، جہلم، میانوالی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، سرگودھا، لیہ، راولپنڈی، راجن پور، ڈی جی خان، بہاولپور اور دیگر اضلاع میں بھی بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہے گا۔لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، مری، گلیات، چکوال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، اٹک، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر علاقوں میں مزید تیز بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں ندی نالوں، دریاؤں اور نہروں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں، خاص طور پر مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔

ادارے نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن مراکز الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں