پنجاب پولیس کی خاتون افسر انعم شیر خان کو ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈ سے نوازدیاگیا

لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب پولیس کی قابل فخر خاتون افسر، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ASP) انعم شیر خان نے دنیا بھر کی پولیس فورسز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے “ورلڈ پولیس سمٹ” میں کرمنل انویسٹی گیشن کی کیٹیگری میں نمایاں کارکردگی پر بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، یہ ایوارڈ اُن پولیس افسران کو دیا جاتا ہے جو اپنے شعبے میں غیر معمولی خدمات، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تحقیقاتی تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے نمایاں نتائج حاصل کرتے ہیں۔ رواں سال ورلڈ پولیس سمٹ میں 192 ممالک کے پولیس افسران نے مختلف کیٹیگریز میں شرکت کی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اے ایس پی انعم شیر خان کی کامیابی پاکستان، بالخصوص پنجاب پولیس کیلئے ایک اعزاز ہے، جنہوں نے تحقیقاتی عمل میں مؤثر قیادت، تیز رفتاری، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا۔

اسی تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) قصور محمد عیسیٰ خان کو “پولیسنگ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بہترین استعمال” کی کیٹیگری میں دوسری پوزیشن حاصل ہوئی، جو کہ ایک اور سنگِ میل ہے۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے اس شاندار کامیابی پر دونوں افسران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا”پنجاب پولیس کے افسران کا عالمی سطح پر ایوارڈز حاصل کرنا پاکستان پولیس سروس کیلئے باعثِ فخر ہے۔ اے ایس پی انعم شیر خان جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں پولیس لیڈرشپ کیلئے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوں گی۔”

ورلڈ پولیس سمٹ کو دنیا کی سب سے بڑی اور بااثر پولیس قیادت کی تنظیم سمجھا جاتا ہے، جہاں ہر سال دنیا بھر سے قابل اور پُرعزم افسران کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں