پنجاب کے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح پر فاتح دیکھنا چاہتی ہوں: مریم نواز


لاہور(محمد بابرسے)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح پر فاتح دیکھنا چاہتی ہوں، پنجاب حکومت کی تعلیم کے بعد سب سے زیادہ توجہ سپورٹس پر ہے، کھیلتا پنجاب پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سپورٹس ایونٹ ہے جس میں بائیس سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

پنجاب سٹیڈیم میں کھیلتا پنجاب گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا سپورٹس کے لئے 2 کی بجائے 5ارب روپے بھی چاہیے تو دیں گے،پنجاب کا سارا بجٹ اپنے بچوں کیلئے حاضر ہے، ملک کا جھنڈا اب نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، نوجوان جھنڈا نہیں گرنے دیں گے۔

کھیلوں میں شریک تمام کھلاڑیوں کو میری طرف سے الیکٹرک بائیک کا تحفہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سپورٹس مقابلوں میں نوجوانوں کو گولڈ میڈلسٹ دیکھنا چاہتی ہوں،نوجوانوں کی تعلیم،سپورٹس، روزگار میری ذمہ داری ہے، پڑھو، لکھو، آگے بڑھو اور ترقی کرو،کھیلتا پنجاب، ترقی کرتا پنجاب، میں یہی دیکھنا چاہتی تھی، نوجوان لوگ بہت سے مشکلات عبور اور محنت کرکے یہاں تک پہنچے ہو، آپکو شاباش دیتی ہوں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، بس ساز گار ماحول درکار جو دے رہے ہیں، کھیل کے میدان کئی سال سے ویران تھے،آباد کیا تو یہاں کھلاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،ترقی کا یہ سفر یہاں نہیں رکے گا، پنجاب کے ہر میدان کو آباد کیا جائے گا، ارشد ندیم، اعصام الحق اور نوح بٹ نوجوانوں کیلئے مثال ہیں،کل ارشد ندیم دیگر کی جگہ آپ یہاں کھڑے ہونگے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جیت کر آنے والی پنجاب کی بیٹیوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوں، چیمپین بچوں نے ملک کا جھنڈا ہمیشہ یونہی بلند رکھنا ہے، مقابلے میں ہر کھیل سے بہترین کھلاڑی سامنے آرہے ہیں،میں وزیر کھیل، سیکرٹری اور ڈی جی کوشاباش دیتی ہوں،تمام کھلاڑی100 فیصدمیرٹ پر آگے پہنچے ہیں.

ایک بھی سفارش پر نہیں آیا،ہونہار سکالرشپ کے تحت پورے پنجاب میں نوجوانوں سے ملی تب معلوم ہوا کتنا ٹیلنٹ ہے،آپ لوگوں کی فلاح وبہبود اللہ تعالیٰ کے بعد مریم نواز شریف کی ذمہ داری ہے، پنجاب کے نوجوان میری پہلی ترجیح ہیں، تمام ممکنہ وسائل فراہم کروں گی۔

ان کا کہنا تھا نوجوانوں کے لیے آسان قرضوں سکیم لارہے ہیں تاکہ میرے بچے در در نہ بھٹکیں، کاروبار کریں،نوکری نہ کرنے والے نوجوانوں کو کاروبار کے لئے 10 لاکھ سے 3 کروڑ تک قرضے دیے جائیں گے،فروری میں ہارس اینڈ کیٹل شو دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں،کھیلنا بچوں کا جبکہ کھیل کو پروموٹ اور وسائل مہیا کرنا حکومت کا فرض ہے۔نوجوانوں کا اٹھنے والا ہر قدم پاکستان کی ترقی کے کیے ہونا چاہیے۔

اس سے قبل صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں روتا ہوا پنجاب ورثہ میں ملا، وزیراعلی مریم نواز نے کھیلتا ہوا پنجاب دے دیا ہے، گزشتہ حکومت نے پنجاب کے سپورٹس کمپلیکس ویران اور کھنڈرات بنا دیئے تھے ہم سپورٹس انفراسٹرکچر کو بحال کردیا ہے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھیلتا پنجاب گیمز کے آخری مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے اپنی پہلی تقریر میں سپورٹس کلچر کی بحالی کا اعلان کیا تھا،حکومت پنجاب نے سپورٹس کی بحالی کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز سے پنجاب بھر میں 58 سپورٹس کمپلیکس بحال کردیئے ہیں، کھیلتا پنجاب گیمز کے پہلے دوسرے مرحلوں میں ایک لاکھ 20 ہزار کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

اب آخری مرحلہ میں 2200 نوجوان کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔وزیر کھیل نے کہا کہ اب ان کھلاڑیوں میں اولمپیئن ارشد ندیم، اعصام الحق جیسے کئی قومی ہیروز بن کر نکلیں گے۔فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب سپورٹ فنڈ سے 6 ہزار نوجوانوں کو سی ایم انٹرن شپ پروگرام کے تحت پہلی دفعہ وظائف دیئے جارہے ہیں۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے وزیراعلی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کے فروغ کے لئے سکول اور کالج کی سطح پر تعلیمی نصاب میں مارکس شامل کئے جائیں۔اس موقع پرسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری، وزیر بلدیات بلال یاسین، سینئر سیاسی رہنما سیف الملوک کھوکھر، غزالی بٹ، ایم پی اے حافظ نعمان، ایم پی اے شہباز کھوکھر، کمشنر لاہور زید بن مقصود، سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز پنجاب پرویز اقبال، اولمپک جیولن تھرو گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم، ورلڈ ٹینس سٹار اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، اولمپیئن شبانہ اختر، انٹرنیشنل ہاکی پلیئر رابعہ قادر، سکواش کے سہیل عدنان، ایتھلیٹ فائقہ ریاض سمیت دیگر موجود تھے۔

افتتاحی تقریب میں 2ہزار سے زائد گرلز اینڈ بوائز کھلاڑیوں اور آفیشلز نے تمام ڈویژنل سپورٹس آفیسرز کی قیادت میں مارچ پاسٹ کیا، ٹینس سٹاراعصام الحق قریشی نے مقابلوں کے آغاز سے قبل حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں سے حلف لیا،بین الصوبائی قائد اعظم گیمز میں گولڈ میڈلز جیتنے والے نواجوان کھلاڑی کنزہ سرفراز، کنز الایمان، شاندانہ،محمد عبداللہ، ماہ نور عمران اور شفیق علی خان نے ٹارچ ریلی میں حصہ لیااور کھیلتا پنجاب گیمز کی مشعل روشن کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں