ممبئی(سپورٹس ڈیسک)مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے واقعے کے بعد بھارت کے لائیو اسٹریمنگ چینل ’فینکوڈ‘ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی براہ راست نشریات معطل کردیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) انتہا پسند مودی سرکار کے ایما پر ایک بار پھر کرکٹ کو سیاست میں گھسیٹ رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے افسوسناک واقعے پر بی سی سی آئی نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’فینکوڈ‘ نے اچانک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کی براہ راست نشریات معطل کردیں جب کہ ٹورنامنٹ سے متعلق تمام ویڈیوز بھی اپنے چینل سے ڈیلیٹ کردیں۔
فینکوڈ نامی اسپورٹس چینل بھارت میں پاکستان سپر لیگ کا واحد ڈیجیٹل اسٹریمنگ پارٹنر تھا جس نے پی ایس ایل 10 کے اب تک ہونے والے 13 میچز بھارت میں براہ راست اپنے پلیٹ فارم پر دکھائے تھے۔
تاہم ہندوستان ٹائمز کو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’فینکوڈ‘ نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز نہ دکھانے کی فیصلہ کیا ہے اور یہ نشریات فوری طور پر بند کردی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں، فینکوڈ نے اپنی ویب سائٹ سے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ میچز کی جھلکیاں اور دیگر ویڈیوز بھی ہٹا دی ہیں۔
اس سے قبل بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کرکٹ برادری پہلگام حملے میں بے گناہ جانوں کے المناک نقصان سے شدید صدمے اور غم کا سامنا کر رہی ہے۔

