ممبئی (بھارتی میڈیا)بھارتی اداکارہ فلک ناز نے ایک پروڈکشن ہاؤس کے عجیب مطالبے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔34 سالہ فلک ناز نے انکشاف کیا کہ ایک پروڈکشن نے انہیں ڈرامے میں کام دینے سے پہلے کنڈلی یعنی برتھ چارٹ طلب کیا۔
بھارتی اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ “آپ خدا تو نہیں ہیں”۔فلک ناز نے بتایا کہ پہلے اداکاروں کو اُن کی صلاحیت کی بنیاد پر کام ملتا تھا، پھر سوشل میڈیا فالوورز کو اہمیت دی جانے لگی، اور اب کنڈلی دیکھ کر فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بغیر کسی کا نام لیے اشارہ کیا کہ اسی نوعیت کی وجوہات کی بنیاد پر وہ کبھی ایکتا کپور کے ساتھ کام نہیں کر پائیں۔فلک ناز نے مزید کہا کہ اس قسم کے طریقہ کار کی وجہ سے بہت سے قابل اور تجربہ کار فنکار کام سے محروم رہ رہے ہیں، اور وہ اس اقدام کو غیر منصفانہ سمجھتے ہوئے اس کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا بھارتی پروڈیوسرز کوئی عالمی ہٹ سیریز جیسے پروجیکٹ بنا رہے ہیں جو اس قدر غیر معمولی طریقے اختیار کر رہے ہیں۔فلک ناز نے سسرال سمرن، ڈولی ارمانوں کی، تارک مہتا کا الٹا چشمہ اور بگ باس او ٹی ٹی 2 میں پرفارمنس دی ہے اور وہ گزشتہ 15 سال سے بھارتی انڈسٹری میں سرگرم ہیں۔

