فرانس کے دارالحکومت پیرس کی مشہور سڑک کو پکنک پوائنٹ میں تبدیل کردیا گیا، اس موقع پر ہزاروں شہریوں کو مفت کھانا بھی فراہم کیا گیا۔
گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ تقریب سے لطف اندوز ہونے کیلئے پہنچے، تفریح کیلئے آنیوالوں کو مفت کھانے پینے کی سہولتیں بھی مہیا کی گئیں۔
امریکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شمپ الائسز پیرس کی مشہور اسٹریٹ کو انتظامیہ کی جانب سے پکنک پوائنٹ بنا دیا گیا ہے، اس موقع پر مقامی انتظامیہ اور ریسٹورنٹس مالکان کی جانب سے آنے والے شہریوں کی سہولت کیلئے کھانے پینے کا انتظام بھی کیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز تقریباً 4 ہزار کے قریب لوگ یہاں پہنچے، جنہیں کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے کیلئے قرعہ اندازی بھی کی گئی اور خوش قسمت افراد کو پیرس کے بہترین شیفس کے ہاتھ کے بنے ہوئے کھانے دیے گئے۔
پکنک کیلئے آنیوالے افراد کیلئے عارضی طور پر 8 کچن بنائے گئے تھے جن میں کیک، پیسٹری اور سینڈوچ سمیت دیگر چیزیں تیار کی گئیں، جبکہ ان کیلئے 216 میٹر لمبا دسترخوان بھی سجایا گیا تھا-