اسلام آباد (نامہ نگار) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں ایک روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے سے بڑھا کر 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر کردیا گیا ہے۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن نعمان بٹ نے ڈیلرز مارجن میں اضافے پر وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرول پمپس مالکان کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔
آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن ایک روپے 34 پیسے بڑھا کر 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں اپنے مقررہ ہدف اور عالمی مالیاتی ادارے کے تخمینے سے بھی زیادہ وصولیاں کیں۔ پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں گزشتہ مالی سال کے دوران 1560 ارب روپے سے زائد اضافہ ہوا جبکہ موسمیاتی معاونتی لیوی کی مد میں 50 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔
گزشتہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی حکومتی ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے جبکہ عالمی مالیاتی ادارے کے تخمینے سے 21 ارب روپے زیادہ رہی۔
اس وقت پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جارہی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 28 پیسے فی لیٹر لیوی عائد ہے۔ اس کے علاوہ پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر 5، 5 روپے فی لیٹر موسمیاتی معاونتی لیوی بھی وصول کی جارہی ہے۔

