لاہور (نمائندہ خصوصی+ اے ایف پی+رائٹرز)پاکستان کی نجی فضائی کمپنی ایئر بلیو نے برطانیہ کیلئے براہِ راست پروازوں کا لائسنس حاصل کرلیا ہے،قومی ایئرلائن پی آئی اے اجازت نامہ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ایئر بلیو کو برطانیہ کے محکمۂ ٹرانسپورٹ کی جانب سے تھرڈ کنٹری آپریٹر لائسنس جاری کیا گیا ہے، جس کے بعد وہ پاکستان سے لندن اور دیگر شہروں کیلئےپروازیں چلا سکے گی۔ ابتدائی طور پر ایئر بلیو کے ایئر بس A320 اور A321 طیارے ان روٹس پر استعمال ہوں گے، جن میں دورانِ پرواز ترکیہ میں ایندھن بھرنے کا اسٹاپ شامل ہوگا۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے جولائی 2025 میں پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا تھا، جس کے بعد پاکستانی ایئر لائنز کو برطانوی فضائی حدود میں داخلے کیلئے لائسنس کے حصول کی راہ ہموار ہوئی۔ تاہم پی آئی اے تاحال برطانیہ کیلئےاپنی پروازیں بحال کرنے کیلئےدرکار اجازت نامہ حاصل نہیں کر سکی۔
یہ پیشرفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پاکستانی ڈائیاسپورا کی بڑی تعداد برطانیہ میں مقیم ہے اور انہیں وطن واپسی کیلئے براہِ راست پروازوں کی ضرورت رہتی ہے۔ ایئر بلیو کی پروازوں کے آغاز سے توقع ہے کہ مسافروں کو متبادل سہولت میسر آئے گی اور بین الاقوامی فضائی مسابقت میں بھی اضافہ ہوگا۔

