اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے چھ سال کے وقفے کے بعد لندن کے لیے براہِ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق یہ پروازیں مارچ 2026 سے شروع کی جائیں گی۔
پی آئی اے کے مطابق 29 مارچ 2026 سے اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں چلائی جائیں گی، جو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 سے آپریٹ ہوں گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چھ سال کے طویل وقفے کے بعد لندن کے لیے براہِ راست فضائی سروس دوبارہ شروع کی جا رہی ہے۔
پی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ لندن قومی ایئرلائن کی پہلی بین الاقوامی منزل رہی ہے اور آج بھی یہ اس کے اہم ترین روٹس میں شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اس وقت مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں پہلے ہی آپریٹ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ جون 2020 میں یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے حفاظتی خدشات کی بنیاد پر پی آئی اے کی یورپی ممالک کیلئےپروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ یہ اقدام لاہور سے کراچی آنے والے طیارے کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب حادثے کے بعد کیا گیا تھا، جس میں تقریباً 100 مسافر جاں بحق ہوئے تھے۔
بعد ازاں 28 نومبر 2024 کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے چار سال سے زائد عرصے بعد پی آئی اے پر عائد پابندی ختم کر دی، جبکہ جولائی 2025 میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی ایئرلائنز کو برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت ملی۔
ستمبر 2025 میں پی آئی اے کو تقریباً پانچ سال بعد برطانیہ کے لیے براہِ راست پروازیں بحال کرنے کی منظوری دی گئی تھی، جس کے بعد پہلے مرحلے میں مانچسٹر کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کی گئیں۔ اس موقع پر ایئرلائن نے مستقبل میں برمنگھم اور لندن کے لیے بھی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

