پی آئی اے کے بوئنگ 777 کی ونڈ شیلڈ دوبارہ ٹوٹ گئی،طیارہ جدہ ایئرپورٹ پر گراؤنڈ

اسلام آباد،جدہ(بیورورپورٹ)قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے بوئنگ 777 طیارے (پرواز پی کے 859) کی ونڈ شیلڈ 34 ہزار فٹ کی بلندی پر ٹوٹ گئی۔ طیارے میں 344 مسافر سوار تھے، تاہم واقعہ کے باوجود طیارہ بحفاظت اتارا گیا۔

ابتدائی طور پر حکام نے “برڈ ہٹ” یعنی پرندے سے ٹکراؤ کو وجہ قرار دیا، مگر بعد میں اس وضاحت سے انکار کرتے ہوئے دباؤ (Pressure) کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ تاہم اندرونی ذرائع اور ایئرکرافٹ انجینئرز کے مطابق طیارے کی ونڈ شیلڈ پرواز سے پہلے ہی خراب قرار دی گئی تھی اور انجینئرز نے اسے اُڑان کیلئےغیر موزوں قرار دیا تھا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انجینئرز کی جانب سے دیے گئے انتباہ کو نظرانداز کرتے ہوئے طیارے کو پرواز کی اجازت دی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صرف ایک ٹوٹے شیشے کا نہیں بلکہ قومی ایئر لائن کے نظام میں بڑھتے ہوئے بحران کی علامت ہے۔ انجینئرز ایک سال سے اسپیئر پارٹس کی کمی، حفاظتی معیارات میں نرمی اور نجکاری کے عمل کے دوران غیر منصفانہ سلوک کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق انتظامیہ نے انجینئرز یونین کے کئی رہنماؤں کو معطل بھی کر رکھا ہے۔ہوابازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل سوال یہ نہیں کہ ونڈ شیلڈ کیوں ٹوٹی؟ بلکہ یہ ہے کہ کتنے دیگر “معمولی مسائل” کو نظرانداز کیا جا رہا ہے جو مستقبل میں کسی بڑے سانحے کا باعث بن سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں