ٹورنٹو ( نمائندہ خصوصی) – پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے اعلان کے مطابق ٹورنٹو سے پاکستان جانیوالی تین پروازیں تکنیکی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پرواز PK-782 (ٹورنٹو سے اسلام آباد)، جو جمعۃ المبارک3 اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11:00 بجے روانہ ہونا تھی 24 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
ہفتہ4 اکتوبر کو رات 8:00 بجے ٹورنٹو سےلاہورکیلئے پرواز PK-798 بھی23گھنٹے کی تاخیرسے روانہ ہوگی .
سوموار6اکتوبر کی صبح 10:30بجے ٹورنٹوسے کراچی جانیوالی پرواز PK-784بھی شیڈول سے 20گھنٹے لیٹ ہے.
ایئرلائن حکام نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاخیر سے متاثرہ تمام مسافروں کو متبادل سفری سہولیات، رہائش اور کھانے پینے کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی مشکلات کم کی جا سکیں۔
پی آئی اے کی انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ پروازوں کے نئے اوقات کار کے بارے میں مسافروں کو بذریعہ ایس ایم ایس، ای میل اور ایئرپورٹ اعلانات کے ذریعے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل پروازوں کی تازہ معلومات کیلئے پی آئی اے کے کال سینٹر یا ویب سائٹ سے رابطہ کریں۔
ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق، پی آئی اے اپنے مسافروں کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کیلئےپرعزم ہے اور مستقبل میں ایسے مسائل سے بچنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

