لاہور (رپورٹ، محمد بابر بیوروچیف) پاکستان سپر لیگ ٹین کا آفیشل ترانہ بدھ کی شام پانچ بجے یوٹیوب چینل پر ریلیز ہونے جارہا ہے جس کی خاص بات پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ابرارالحق کی شمولیت ہے۔ پی ایس ایل کے آفیشل ترانے کے ساتھ پاپ سنگر علی ظفر کی واپسی بھی ہوئی ہے جنہیں لیگ کے چند مقبول ترین آفیشل ترانے گانے کا اعزاز بھی حاصل ہے تاہم گزشتہ چند برسوں سے لیگ کی انتظامیہ دیگر گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دے رہی تھی۔
ابرارالحق پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے ترانے کا حصہ بنے ہیں جو انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کے ساتھ ساتھ بانی پی ٹی آئی کے قریبی دوستوں میں بھی شمار کئے جاتے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی چیئرمین شپ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے کسی پراجیکٹ میں ابرار الحق کی شمولیت کسی سرپرائز سے کم نہیں ہے۔ پی ایس ایل کے دس سال مکمل ہونے کے باعث لیگ کو کامیاب کرانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کسی بھی طرح کارسک لینے کو تیار نہیں ہے اور لیگ کے اس لینڈ مارک ایڈیشن کیلئے صرف بہترین کا انتخاب کیا جارہا ہے۔
پی ایس ایل کی انتظامیہ نے آفیشل ترانے کی ریکارڈنگ کے مختلف لمحات کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس سے شائقین کا تجسس مزید بڑھ گیا ہے اور وہ بے چینی سے ترانے کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔ ترانے میں نامور گلوکار اورنغمہ نگار علی ظفر کے ساتھ نتاشہ بیگ اور ریپر طلحہ انجم بھی دکھائی دیں گے۔
پی ایل ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اس ترانے کا نام X Dekho رکھا گیا ہے جو گزشتہ دہائی میں پی ایس ایل کی کامیابیوں پر فخر کی نمائندگی کرتا ہے۔امید ہے عوام خصوصاً شائقین کرکٹ کو ہماری یہ کاوش پسند آئے گی۔اس بار پی ایس ایل کا انعقاد انڈین پریمئر لیگ کی موجودگی میں ہونے جارہا ہے جس کے میچز بھارت میں جاری ہیں تاہم پی ایس ایل کوالٹی کے اعتبار سے دنیا کی بہترین لیگ میں شمار ہوتی ہے اور پوری دنیا کے شائقین کرکٹ بے صبری سے اس کے منتظر ہیں۔

