پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ کے نام سے میدان میں اترینگی

اسلام آباد(پی سی بی+سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ساتویں اور آٹھویں ٹیموں کے مالکان کے نام اور بولی کی تفصیلات سامنے آگئیں ہیں۔ ساتویں ٹیم ایف کے ایس نے 175 کروڑ روپے میں خریدی گئی اور اس کا نام حیدرآباد رکھا گیا، جبکہ آٹھویں ٹیم او زی ڈویلپرز نے 185 کروڑ روپے میں خریدی اور اسے سیالکوٹ کے نام سے میدان میں اتارا جائے گا۔

پی ایس ایل کی دونوں نئی ٹیموں کی مجموعی فروخت 3 ارب 60 کروڑ روپے میں ہوئی ہے۔ برانڈ ایمبیسڈر وسیم اکرم نے ساتویں ٹیم کے لیے بیس پرائز 110 کروڑ روپے مقرر کی تھی، جسے حیدرآباد ٹیم نے 175 کروڑ میں خریدا۔ آٹھویں ٹیم کے لیے بیس پرائز 170 کروڑ روپے تھی، جو 185 کروڑ روپے میں خریدی گئی۔

حیدرآباد ٹیم کے مالک فواد سرور کا کہنا ہے کہ “ہم حیدرآباد میں پلا بڑھے، اور اپنی ٹیم خرید کر میدان میں جانا چاہتے تھے۔”

پی ایس ایل کی نیلامی تقریب اسلام آباد میں جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، جسے پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر نے براہِ راست نشر کیا۔ علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد نیلامی میں کل 9 پارٹیاں شریک ہوئیں۔ تقریب میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے، جبکہ فیصل آباد، گلگت، سیالکوٹ، حیدرآباد، راولپنڈی اور مظفرآباد سے ٹیموں کا انتخاب کیا گیا۔

چیف ایگزیکٹیو پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل نے چیلنجز کا سامنا کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ فروغ پا رہی ہے اور پاکستان سپر لیگ دنیا کی بہترین لیگ میں سے ایک ہے۔