کوئٹہ کو 67 رنز سے شکست، فخر زمان نے 67 رنز کی اننگز کھیلی، راشد حسین کی تین وکٹیں
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپرلیگ کے گروپ میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے میچ کی شکست کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 67 رنز سے شکست دے دی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان سپرلیگ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور قلندرز نے فخر زمان کے 67 اور سیم بلنگز کی ففٹی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے اور گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلیے 220 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سعود شکیل صرف ایک رن بنا کر دو کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹے، انہیں شاہین آفریدی نے اپنا نشانہ بنایا۔اس کے بعد فن ایلن بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کا شکار ہوئے اور پھر حسن نواز کو آصف آفریدی نے ایک رن پر آؤٹ کیا، یوں گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز پر تیسرے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔مینڈس ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 کے مجموعی اور 28 کے انفرادی سکور پر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، پھر روسو کو عقیل حسین نے 44 رنز پر کلین بولڈ کیا
یوں 8.5 اووز میں گلیڈی ایٹرز کو 89 رنز پر پانچویں نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے بعد شعیب ملک، عقیل حسین، محمد عامر اور ابرار احمد 106، 107، 108 اور 114 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ پھر 140 کے مجموعی سکور پر فہیم اشرف 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 16.2 اوورز میں 140 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، روسو سب سے زیادہ 44 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے جبکہ قلندرز کے عقیل حسین نے تین، سکندر رضا، آصف آفریدی اور شاہین نے 2،2 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو فخر زمان اور محمد نعیم اوپننگ کیلیے آئے۔ محمد نعیم 10 رنز کی اننگز کھیل کر ابرار کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، یوں قلندرز کی پہلی وکٹ 17 رنز پر گری۔فخرزمان نے 7 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد 39 گیندوں پر 67 رنز بنائے اور ٹیم کو بڑے سکور کی جانب گامزن کیا جبکہ عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل بالترتیب 37،37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
سیم بلنگز نے آخری اوورز میں اچھی بیٹنگ کی اور آؤٹ ہوئے بغیر نصف سنچری مکمل کی۔لاہور قلندرز نے یوں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 219 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز قلندرز کو مختصر سکور تک محدود رکھنے میں ناکام رہے تاہم سپنرز نے اچھی بولنگ کی، عقیل حسین اور ابرار احمد نے دو،دو وکٹیں اپنے نام کیں۔فخر زمان شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

