لاہور پریس کلب کے الیکشن میں تاریخی کامیابی اور کلین سویپ کرنےپر جرنلسٹ گروپ کو مبارک باد
کامیابی صحافیوں کو اپنا گھر اپنی چھت منصوبہ فیز ٹو سےکمیٹمینٹ کا نتیجہ ہے:نعیم حنیف ، قمرالزمان بھٹی
امید ہے وزیر اعلی مریم نواز شریف جلد فیز ٹو کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گی:پی یوجے ایگزیکٹو کونسل
لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے لاہور پریس کلب کے الیکشن میں جرنلسٹ گروپ کے کلین سویپ کرنے اور چودویں بار صدر منتخب ہونے پر جرنلسٹ گروپ کے چیئرمین ارشد انصاری کو مبارک باد دی ہے ۔
پی یوجے کے صدر نعیم حنیف، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینیئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ،نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ، شیر علی خالطی، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کے نام اپنے مبارک باد کے پیغام میں کہا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی ارشد انصاری اور ان کی ٹیم کی صحافی کمیونٹی کو اپنا گھر اپنی چھت کے خواب کیلئے عملی جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔
اس جدوجہد میں ارشد انصاری کا کردار اور کمیٹمینٹ مثالی ہے جس کا صلہ صحافی کمیونٹی نے انہیں چودویں بار صدر منتخب کر کے اور ان کے پینل کو کلین سویپ کر کے دیا ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا ہے کہ اس تاریخی کامیابی کے بعد امید ہے اسی سال لاہور کے صحافیوں کو صحافی کالونی فیز ٹو عملی صورت میں نظر آئے گا ۔
بہت جلد وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اس منصوبے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گی۔انہوں نے اس منصوبے کو نئے سرے سے پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ایکٹ کے منظم کرنے اور لاہور پریس کلب کو اس منصوبے میں عملی طور پر شامل کرنے پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا بھی شکریہ ادا کیا ۔

