انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے سابق کپتان اور اسٹار بلےباز بابراعظم کو سیریز کے درمیان آرام دینے پر تنقید کی۔
ایک بیان میں ناصر حسین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتظامی معاملات پر تبصرہ کردیا اور کہا کہ پی سی بی میں عدم تسلسل ایسا ہے کہ یہ نہیں معلوم کہ آگے کیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چند سال میں 27 سلیکٹرز بدلے، سربراہان بدلے، کپتان بھی بدلے، اتنی تبدیلیوں کے ساتھ کوئی بھی ادارہ کامیاب نہیں ہوسکتا ہے۔
سابق انگلش کپتان نے مزید کہا کہ جب اتنی تبدیلیاں ہوں تو آپ طویل پلان نہیں کرپاتے، محدود پلان ہی کرتے۔انہوں نے بابر اعظم کو انگلینڈ سے ہوم سیریز کے درمیان میں آرام دینے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ سیریز کا ایک میچ بُرا ہوا اور آپ نے طے کرلیا کہ بابر اعظم کو آرام دینا ہے۔
ناصر حسین نے یہ بھی کہا کہ بابر اعظم بہتر رویے کے مستحق تھے، یا تو یہ سیریز سے پہلے کیا جاتا یا تینوں میچز کے بعد آرام دینے کی بات کی جاتی۔ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ بابر اعظم، شاہین آفریدی یا نسیم شاہ کا نہیں ہے، مسئلہ پاکستان کرکٹ کو جس انداز میں چلایا جارہا ہے، وہ ہے، اکثر اوقات پاکستان کرکٹ اپنے پیر پر خود کلہاڑی مارتی ہے۔

