شان مسعود کی کپتانی میں 6 سیریز کھیلیں گئیں، 3 میں پاکستان کو وائٹ واش کی ذلت برداشت کرنا پڑی
ہوم گراونڈ پر بنگلہ دیش سے وائٹ واش،ان کی کپتانی میں پاکستان 14 میں سے 10 میچ ہارا
لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو کنسلٹنٹ انٹرنیشل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔پی سی بی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری بیان میں اس پیشرفت کی تصدیق کی گئی۔
پی سی بی کے مطابق 36 سالہ شان مسعود اب تک 44 ٹیسٹ، 9 ون ڈے اور 19 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں 3 ہزار 108 رنز اسکور کیے، جن میں 6 ٹیسٹ سنچریاں شامل ہیں۔
ان کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ سال انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دی تھی، جو 2005 کے بعد انگلینڈ کے خلاف اپنی سرزمین پر پاکستان کی پہلی ٹیسٹ سیریز کامیابی تھی۔
اس کے علاوہ پاکستان نے شان مسعود کی کپتانی میں 6 سیریز کھیلیں، 3 میں پاکستان کو وائٹ واش کی ذلت برداشت کرنا پڑی۔ اس میں تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوم گراونڈ پر بنگلہ دیش سے وائٹ واش بھی شامل ہے۔ ان کی کپتانی میں پاکستان 14 میں سے 10 میچ ہارا۔
شان مسعود نے قومی ٹیم کی 14 ٹیسٹ میچوں میں قیادت کی ہے، جن میں حال ہی میں ختم ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز بمقابلہ جنوبی افریقہ بھی شامل ہے۔
پی سی بی کے مطابق شان مسعود اپنی نئی ذمہ داریوں میں بین الاقوامی کرکٹ سے متعلق پالیسی سازی، کھلاڑیوں کے امور، اور ٹیم انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کاری کے فرائض انجام دیں گے۔

