پی سی بی کا چیمپئنز ٹرافی 2025 سے متعلق اہم فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے سمیر احمد کو ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے اور پاکستان میزبان ملک ہونے کے ساتھ ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایونٹ کے حوالے سے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سمیر احمد ایک غیر معمولی منظم پروفیشنل ہیں جن میں انتظامی مہارت کے ساتھ ساتھ کرکٹ کیلئے غیر متزلزل جذبہ موجود ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کیلئےناقابل فراموش آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔

اس موقع پر سمیر احمد سید نے اپنے انتخاب پر کہا کہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کی یہ اہم ذمہ داری کو اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہوں اور اس کو بہترین طریقے سے نبھانے کیلئےپرجوش ہوں۔

دریں اثنا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی عالمی معیار کی میزبانی کی صلاحیت کو ظاہر کرے گی۔ دنیا بھر سے آنے والے کھلاڑیوں اور شائقین کیلئےیہ ایک خوبصورت تجربہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے غیر ملکی کھلاڑی اور شائقین کرکٹ پاکستان کے جذبے، کرکٹ سے جنون اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں تین ماہ سے بھی کم وقت رہ جانے کے باوجود آئی سی سی تاحال ایونٹ کا شیڈول اعلان نہیں کر سکی ہے۔آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے جلد اعلان کیلئے دباؤ کا سامنا ہے اور براڈ کاسٹ رائٹس کے مطابق پاک بھارت میچ نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں