پی ٹی آئی نے عسکری قیادت کیخلاف اشتعال انگیز پوسٹ ڈیلیٹ کر دی

لندن(نامہ نگار)پاکستان تحریکِ انصاف کے برطانیہ چیپٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان کی عسکری قیادت کیخلاف اشتعال انگیز بیانات پر مشتمل ویڈیو والی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی ہے۔پی ٹی آئی یوکے کے مطابق جماعت کسی بھی غیرقانونی طرزِ عمل کی حمایت نہیں کرتی اور آزاد شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ غلط فہمی سے بچنے کیلئےاپنے بیانات میں احتیاط برتیں۔

جمعے کو دفترِ خارجہ نے پاکستان کی عسکری قیادت کے خلاف اشتعال انگیز بیانات اور تشدد پر اکسانے کے معاملے پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر میٹ کینل کو طلب کر کے ڈیمارش دیا تھا۔ باخبر ذرائع کے مطابق برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ برطانیہ کی سرزمین استعمال کر کے پاکستان کی عسکری قیادت کو براہِ راست دھمکیاں دینے والوں کی شناخت، گرفتاری، تحقیقات اور مقدمات کو یقینی بنایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 23 دسمبر کو پی ٹی آئی یوکے کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی جس میں بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر مظاہرین کو پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھائے عسکری قیادت کو دھمکیاں دیتے دیکھا جا سکتا تھا، جو بعد ازاں حذف کر دی گئی۔

ہفتے کی صبح جاری بیان میں پی ٹی آئی یوکے نے تصدیق کی کہ ایک شہری کے عسکری قیادت کے خلاف بیان والی پوسٹ ہٹا دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ ان کے خیال میں مذکورہ فرد نے تشدد پر اکسایا نہیں، تاہم احتیاطاً اور قانونی تحفظ کے پیشِ نظر پوسٹ حذف کی گئی۔

پی ٹی آئی یوکے نے اندرون و بیرونِ ملک پاکستانیوں پر جبر کے الزامات عائد کرتے ہوئے حکومت سے ان معاملات کی تحقیقات کو ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔ بیان میں عمران خان اور بشریٰ خان کی طویل قید کو عوامی بے چینی کی وجہ قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے انسدادِ تشدد نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگرچہ عالمی سطح پر تشویش قابلِ فہم ہے، تاہم پی ٹی آئی کسی غیرقانونی عمل کی حمایت نہیں کرتی اور امید ظاہر کی گئی کہ متعلقہ شہری کو کسی سرحد پار جبر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، جبکہ برطانوی حکومت اس کی سلامتی اور منصفانہ قانونی عمل کو یقینی بنائے گی۔