پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے لانگ مارچ کے پیشِ نظر اسلام آباد کی انتظامیہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز پہنچانا شروع کر دیے ہیں اور پولیس کے مطابق بوقت ضرورت سڑکوں کے کناروں پر موجود ان کنٹینرز کو شاہراؤں پر رکھ دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف نے 24 نومبر کو ملک گیر احتجاج کی کال دے رکھی ہے اور اپنے کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
گذشتہ روز وفاقی دارالحکومت کی انتطامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پنجاب اور سندھ پولیس سے بھی مدد طلب کی تھی۔ اسلام آباد کے چیف کمشنر کے دفتر سے وزارتِ داخلہ کو لکھے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایک سیاسی جماعت نے اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر رکھا جس سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کے دو ڈی آئی جیز اور 10 ڈی پی او کو اسلام آباد میں ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے۔
شہری انتظامیہ کی جانب سے احتجاج کے پیش نظر سندھ اور پنجاب سے بھی دو، دو ہزار پولیس اہلکاروں پر مشتمل نفری بھی طلب کر رکھی ہے۔شہری انتظامیہ نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ پنجاب سے آنے والے 10 ڈی پی اوز اپنے ساتھ 500، 500 پولیس اہلکار کو بھی ساتھ لائیں۔ مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ ان تمام افسران اور سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات 22 نومبر سے درکار ہوں گی۔