پی ٹی آئی کا نیا احتجاجی لائحہ عمل، وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا لاہور پہنچ گئے

لاہور(نمائندہ خصوصی،وقائع نگار خصوصی)خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نئی تحریک کے آغاز کا ارادہ رکھتی ہے اور آج شام لبرٹی چوک پر عوامی اجتماع متوقع ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ویڈیو میں دکھایا گیا کہ پارٹی کارکنوں اور حامیوں نے وزیر اعلیٰ کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے جب وہ پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ کی رہائش گاہ پہنچے۔ راوی ٹول پلازہ سے گزرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اگرچہ انہیں لاہور میں داخلے کی اجازت مل گئی، تاہم ان کے سات سے زائد ہمراہ گاڑیوں کو روکا گیا اور منڈی بہاالدین سے آنے والے پارٹی کارکنوں کو بھیرہ کے راستے لاہور جانے سے روک دیا گیا، سڑکیں بند کی گئیں اور کارکن گرفتار کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوری حکومتیں اس طرح کے اقدامات نہیں کرتیں اور یہ صوبوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کا سبب بن رہے ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب نے سہیل آفریدی کے لاہور دورے کے دوران انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ مختلف سرکاری و غیر سرکاری سرگرمیوں میں شرکت کریں گے، پنجاب اسمبلی کے ارکان، صحافیوں اور طلبہ سے ملاقات کریں گے اور کوٹ لکھپت جیل کا بھی دورہ کریں گے۔