پی ٹی آئی کو کرش کرنے کیلئے ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا :عمران خان

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کرش کرنے کیلئے ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا لیکن ملک اور عوام کو اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کی ضرورت ہے۔

ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ 6 وکلا کے ناموں کی لسٹ دی گئی تھی، لسٹ کے مطابق صرف2 بندے جیل تک پہنچ سکے باقیوں کو روک لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان گل یہاں پہنچے تھے ان کی ملاقات ہوئی ہے نعیم حیدر کی ملاقات نہیں ہوئی میں نے کہا میں باہر جاتا ہوں آپ نعیم پنجھوتہ کو ملاقات کیلئے بلا لیں لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آگاہ کیا گیا کہ پارٹی رہنماؤں اور وکلا کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کی بہنوں کو بھی روکا گیا ہے۔

فیصل چوہدری نے بتایاعمران خان نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے بعد جو ہو رہا ہے اس پر لیگل کمیٹی، پارٹی قیادت چیف جسٹس کو خط لکھے کیوں کہ کیسسز نہیں لگ رہے بشری بی بی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔

ملاقات کے دوران عثمان گل اور فیصل چوہدری نے بانی کو قانونی امور پر بریفنگ دی جب کہ سیاسی امور پر بھی گفتگو ہوئی اور باہر ہونے والی مختلف پیش رفت سے انہیں آگاہ کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کی ضرورت ملک اور عوام کو ہے، پی ٹی آئی فیڈریشن کی جماعت جو پاکستان کو اکھٹا کر سکتی ہے، فوج ملک کو متحد نہیں کر سکتی، سیاسی جماعتیں کر سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاسی رفقا سے ملاقات نہ کروانے 3 ہفتے قبل بچوں سے ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے بھی بات کی۔مائنز اینڈ منرلز پر عمران خان نے ہدایت دی کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور سینئر لیڈر شپ آکر مجھے بریف کرے یہ بل متنازع ہو چکا ہےلوگوں کو اعتماد میں لیں کیوں کہ متنازع معاملات گڑ بڑ ہونگے۔

افغانستان سے متعلق سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے 3 سال لگا دیے، ہم نے پہلے کہا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئےافغانستان سے بات چیت کرکے انہیں شامل کرنا پڑیگا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت نے وقت کا ضیاع کیا جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، فوج کے جوان شہید ہوئے، ان چیزوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا اس وقت بھی فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ نہیں آرہی۔

ان کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے بغیر ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی، سرمایہ کاری تبھی آئے گی جب ملک میں قانون کی حکمرانی ہو گی، پی ٹی آئی کو کرش کرنے کیلئےملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا، چاہے عدلیہ ہو، ایف آئی اے یا پولیس ہر ادارے کو تباہ کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں