پی ٹی آئی کے زین قریشی نے پارلیمنٹ سے گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

پی ٹی آئی کے زین قریشی نے پارلیمنٹ سے گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتاری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔زین قریشی کی درخواست اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی، چیف جسٹس ہائیکورٹ عامر فاروق کل زین قریشی کی درخواست پر سماعت کریں گے،پی ٹی آئی رہنما نے وکیل تیمور ملک اور فائزہ اسد ملک کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ زین قریشی کی گرفتاری آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے، درخواست گزار کو پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سے غیرقانونی طور پر گرفتار کیا گیا.پارلیمنٹیرینز کا اغوا قانون ساز ادارے کی خودمختاری اور تقدس پر حملہ ہے، گرفتاری پارلیمنٹ کے وقار، تقدس، خودمختاری اور تحفظ پر حملہ ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار کی گرفتاری طے شدہ اصولوں اور طریقہ کار سے مکمل طور پر متصادم ہے، 10 ستمبر کی زین قریشی کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں وزارت داخلہ، کمشنر و آئی جی اسلام آباد اور سیکریٹری قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں فریقین کو زین قریشی کی غیر قانونی گرفتاری کی تحقیقات کرانے کا حکم دینےکی استدعا کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں